کھیل

جرمنی کے خلاف سنسنی خیز فتح، ایکواڈور کی بظاہر دم توڑتی ورلڈ کپ مہم ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی

  • چوتھی منٹ میں ہی پچھڑنے کے بعد گونزالو پلاٹا نے 77ویں منٹ میں اپنے پاؤں کے انگوٹھے سے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور چار مرتبہ کی چیمپئن ٹیم کے خلاف کامیابی کے ساتھ میچ کا پانسہ پلٹ دیا
شائع June 26, 2026 اپ ڈیٹ June 26, 2026 01:46pm

ایکواڈور کا ورلڈ کپ کا بھیانک خواب اب حسین خواب میں بدل چکا ، جہاں جمعرات کو گروپ ای کے ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلے میں جرمنی کے خلاف شاندار فتح کے ساتھ لا تری (ایکواڈور کی ٹیم) کی بظاہر دم توڑتی ہوئی مہم کو نئی زندگی مل گئی۔

میچ کے آغاز میں ہی پچھڑنے کے بعد گونزالو پلاٹا نے 77ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھا کر فیصلہ کن گول داغ دیا اور چار مرتبہ کی چیمپئن ٹیم کے خلاف کامیابی کے ساتھ میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی امریکی ٹیم نے گروپ مرحلے میں چار پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور بہترین تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں میں شامل ہو کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

میچ کے اختتام پر اسٹیڈیم میں موجود پیلی جرسی پہنے مداحوں کے سمندر نے جشن منا کر نیویارک نیوجرسی اسٹیڈیم کو ہلا کر رکھ دیا، جبکہ کھلاڑی میدان میں خوشی سے نڈھال ہو کر گر گئے۔ اس تاریخی فتح کو ماضی میں شدید تنقید کا نشانہ بننے والے کوچ سباسٹیان بیکاسیسی نے ناممکن کو ممکن بنانے سے تعبیر کیا۔