مارکٹس

فارما سیکٹر میں بڑی پیش رفت، لیوِن فارما اور چینی کمپنی ٹوفلون کے درمیان معاہدہ

  • یہ تزویراتی سنگِ میل لیون فارما لمیٹڈ کے وژن 2030 کا ایک لازمی حصہ ہے، اعلامیہ
شائع June 24, 2026 اپ ڈیٹ June 24, 2026 02:27pm

لِیوِن فارما لمیٹڈ نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اس نے چین کی ٹوفلون سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔

یہ اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے دی گئی۔

ٹوفلون دواسازی، بائیو ٹیکنالوجی اور ایسپٹک (جراثیم سے پاک) پروسیسنگ پلانٹس، پروڈکشن سسٹمز اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز کے شعبے میں دنیا کے صفِ اول کے ٹیکنالوجی جائنٹس اور مینوفیکچررز میں سے ایک ہے۔

معاہدے پر ٹوفلون کی جانب سے سینئر نائب صدر مائیکل چانگ اور لیوِن فارما لمیٹڈ کے سی ای او کاشف حسین نے دستخط کیے۔

کمپنی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ یہ تزویراتی سنگِ میل لیون فارما لمیٹڈ کے وژن 2030 کا ایک لازمی حصہ ہے جس کے تحت کمپنی کا مقصد عالمی معیار کی مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز کے حصول، جدید پیداواری صلاحیتوں کو مقامی بنانے اور پاکستان میں ہائی ویلیو فارماسیوٹیکل اور بائیولوجیکل مینوفیکچرنگ انفرااسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے خود کو ایک مکمل طور پر مربوط دواسازی اور بائیو ٹیکنالوجی انٹرپرائز میں تبدیل کرنا ہے۔

مزید برآں لیوِن فارما نے کہا کہ اس تعاون سے وژن 2030 کے تحت کمپنی کے طویل مدتی تزویراتی مقاصد کے حصول میں تیزی آنے کی توقع ہے جن میں جدید دواسازی اور بائیو ٹیکنالوجی مینوفیکچرنگ کو مقامی بنانا، برآمدی مسابقت کو بڑھانا، قومی صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا، اور درآمد شدہ ہائی ویلیو بائیولوجیکل مصنوعات پر انحصار کو کم کرنا شامل ہے۔

دریں اثنا لیوِن فارما لمیٹڈ کو 21 اکتوبر 1991 کو پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ کیا گیا تھا اور بعد ازاں اسے 30 اپریل 1992 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 (جو کمپنیز ایکٹ 2017 کے نفاذ کے بعد منسوخ ہو چکا ہے) کے تحت پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

کمپنی کی بنیادی سرگرمی دواسازی اور اس سے متعلقہ مصنوعات کی تیاری ہے۔