کاروبار اور معیشت

کراچی پورٹ نے کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

  • یہ ریکارڈ ملک کے بحری شعبے میں مضبوط کاروباری اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، وفاقی وزیر بحری امور
شائع June 19, 2026 اپ ڈیٹ June 20, 2026 12:04am

کراچی پورٹ نے رواں مالی سال کے اختتام سے قبل 2.651 ملین ٹی ای یو (بیس فٹ کے مساوی یونٹس) ہینڈل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا جو ملکی تاریخ میں کنٹینرز کی سب سے زیادہ ہینڈلنگ والی مقدار ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ یہ ریکارڈ ملک کے بحری شعبے میں مضبوط کاروباری اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخی کارکردگی کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے افسران اور ملازمین کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی شپنگ اور لاجسٹکس کی صلاحیت مسلسل مضبوط ہورہی ہے، ملک کو علاقائی ٹرانشپمنٹ اور لاجسٹکس حب بنانے کا حکومتی مشن جاری رہے گا۔

اس کے علاوہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریٹائرڈ ایڈمرل شاہد احمد نے نشاندہی کی کہ حال ہی میں بندرگاہ میں کی گئی اصلاحات اور انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے سے کارگو ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہوا جس نے اس ریکارڈ کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ملکی معیشت اور سمندری تجارت میں اہم کردار ادا کررہی ہے جس سے اس کی تزویراتی اہمیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔

اپریل کے دوران بندرگاہ نے ایک ہی مہینے میں 111,300 ٹی ای یوز کو ہینڈل کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔