صرف 11 فیصد یورپی باشندے امریکا کو اپنا اتحادی سمجھتے ہیں، سروے
- خطے کے 47 فیصد عوام دفاعی فنڈز کے لیے یورپی یونین کے مشترکہ قرضہ لینے کے حق میں ہیں
پیرس سے جاری حالیہ رپورٹ کے مطابق 15 یورپی ممالک میں صرف 11 فیصد عوام اب امریکہ کو قابلِ اعتماد اتحادی سمجھتے ہیں، جو ریکارڈ کی کم ترین سطح ہے۔
یہ شرح چھ ماہ قبل 16 فیصد اور نومبر 2024 میں 22 فیصد تھی۔ یورپی کونسل آن فارن ریلیشنز کی رپورٹ جو جی-7 اور نیٹو اجلاسوں سے قبل سامنے آئی ہے ظاہر کرتی ہے کہ یورپ میں واشنگٹن پر بطور سیکیورٹی شراکت دار اعتماد تیزی سے کم ہو رہا ہے اور اکثر افراد کو شک ہے کہ حملے کی صورت میں امریکہ دفاع کے لیے آگے آئے گا۔
سروے کے مطابق دفاعی اخراجات بڑھانے کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ یورپی یونین کے مشترکہ دفاعی قرضے کی تجویز کو بھی خاصی حمایت حاصل ہے۔ بیشتر یورپی شہری امریکی فوجی سازوسامان پر انحصار کم کرکے مقامی متبادل کو ترجیح دینا چاہتے ہیں، جبکہ پولینڈ اس معاملے میں مختلف رائے رکھتا ہے۔
دوسری جانب 44 فیصد افراد روس سے تیل و گیس کی درآمدات بحال کرنے کے خلاف ہیں۔ یوکرین کی حمایت برقرار ہے، تاہم امن فوج یا یورپی یونین کی مزید توسیع پر اتفاق کمزور دکھائی دیتا ہے۔ سروے میں شامل بیشتر ممالک کے عوام کا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد امریکہ اور یورپ کے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔