سپرنیٹ ٹیکنالوجیز کا 914.76 ملین روپے کا رائٹس ایشو لانے کا ارادہ
- فیصلہ یکم جون 2026 کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا
سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پیر کو کمپنی کی جانب سے مستقبل قریب میں ممکنہ طور پر عام حصص کے رائٹس ایشو کے اجرا کے ارادے کی منظوری دے دی۔
اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق یہ فیصلہ یکم جون 2026 کو کراچی میں کمپنی کے رجسٹرڈ دفتر میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔
لسٹڈ کمپنی نے بتایا کہ ممکنہ رائٹس ایشو کی مجموعی مالیت 914.76 ملین روپے تک ہو سکتی ہے تاہم اس کی حتمی منظوری متعلقہ وقت پر بورڈ آف ڈائریکٹرز دے گا۔
اگر حصص جاری کیے گئے تو انہیں زیادہ سے زیادہ 10 روپے فی حصص کی قیمت پر پیش کرنے کا ارادہ ہے، جس کا حتمی تعین بورڈ آف ڈائریکٹرز کرے گا۔
کمپنی نے مزید کہا کہ ممکنہ رائٹس ایشو سے حاصل ہونے والی رقم بنیادی طور پر آئندہ منصوبوں کے لیے کمپنی کی ورکنگ کیپیٹل ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی جس سے سپرنیٹ ٹیکنالوجیز کی آپریشنل کارکردگی اور ترقی کے امکانات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
رقم کا ایک حصہ سپر نیٹ لمیٹڈ کے 51 فیصد شیئرز کے حصول (خریداری) کیلئے 15 فروری 2024ء کے شیئر پرچیز ایگریمنٹ کے تحت سپر نیٹ ٹیکنالوجیز کی جانب سے ٹیلی کارڈ لمیٹڈ کو واجب الادا رقم کی جزوی ادائیگی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
حاصل ہونے والی رقم کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے طے کیے جانے والے دیگر مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ اس اصولی منظوری کا مقصد شیئر ہولڈرز بالخصوص متعلقہ اداروں کو اس بات کے قابل بنانا ہے کہ وہ اگر مناسب سمجھیں تو اس ممکنہ رائٹ ایشو میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے ضروری کارپوریٹ منظوریاں، بشمول اپنے شیئر ہولڈرز کی منظوری حاصل کرسکیں۔
کمپنی نے بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز مروجہ قوانین اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق مستقبل میں کسی بھی تاریخ پر اصل رائٹ ایشو کی منظوری اور اس کا باقاعدہ اعلان کرسکتا ہے۔