مارکٹس

ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ: کارانداز اور ٹیپ سس کی شراکت داری، 10 ہزار تاجر نیٹ ورک کا حصہ بنیں گے

  • شراکت کے تحت تاجروں کی آن بورڈنگ، ایکٹیویشن اور اسمارٹ ساؤنڈ باکس ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دی جائے گی
شائع اپ ڈیٹ

کارانداز پاکستان نے اپنے راست مرچنٹس آن بورڈنگ اینڈ فیسی لٹیٹنگ انٹیٹیز پروگرام کے تحت ٹیپ سِس کیساتھ شراکت داری قائم کرلی ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں 10 ہزار تک مائیکرو اور چھوٹے تاجروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

اس شراکت کے تحت تاجروں کی آن بورڈنگ، ایکٹیویشن اور اسمارٹ ساؤنڈ باکس ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دی جائے گی جو مقامی زبانوں میں فوری آڈیو ٹرانزیکشن تصدیق فراہم کرے گی۔

بنیادی سطح پر یہ اقدام ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں حائل عملی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جن میں ڈیجیٹل ٹولز سے محدود آگاہی اور مصروف کاروباری ماحول میں فوری اور قابلِ اعتماد ادائیگی تصدیق کی ضرورت شامل ہے۔

اس تعاون کے ذریعے کارانداز اور ٹیپ سِس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفرااسٹرکچر کو تاجروں کے روزمرہ کاروباری استعمال میں تبدیل کرنا ہے، خصوصاً ایسے علاقوں میں جہاں ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کی رسائی محدود ہے۔

ٹَیپ سِس ایک ڈیجیٹل پیمنٹس انیبلمنٹ کمپنی ہے اور 85 شہروں میں خدمات انجام دے رہی ہے جو ٹیئر ٹو 2 اور ٹیئر 3 کی مارکیٹوں میں تاجروں کیلئے ادائیگیوں کے فروغ میں مہارت رکھتی ہے۔ اس شراکت کے تحت کمپنی اپنی پے ایپ پلیٹ فارم اور آن گراؤنڈ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے راست سے منسلک تاجروں کیلئے ادائیگیوں کی سہولت کو وسعت دے گی۔

کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص الحسن نے کہا کہ مائیکرو اور چھوٹے تاجر پاکستان کی جامع ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقلی میں مرکزی کردار رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارانداز ایسے عملی اور مارکیٹ سے ہم آہنگ حل متعارف کروانے پر توجہ دے رہا ہے جو ڈیجیٹل ادائیگیوں کو صرف انفرااسٹرکچر تک محدود رکھنے کے بجائے روزمرہ کاروباری سرگرمیوں کا حصہ بنائیں۔

وقاص الحسن نے مزید کہا کہ ٹیپ سِس کے ساتھ ہماری شراکت کیش لیس پاکستان کے قومی وژن سے ہم آہنگ ہے اور اس کا مقصد تاجروں کی سطح پر اعتماد اور استعمال سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔ ریئل ٹائم ادائیگی تصدیق جیسے مقامی ضروریات سے ہم آہنگ ٹولز کے ذریعے ہم کم سہولیات والے علاقوں میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے وسیع تر فروغ میں معاونت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

ٹیپ سِس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کریم جندانی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اُن طبقات کیلئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو آسان بنایا جائے جو روایتی طور پر اس سہولت سے محروم رہے ہیں۔

راست ادائیگیوں کو اسمارٹ ساؤنڈ باکس ٹیکنالوجی کے ساتھ مربوط کر کے ہم مائیکرو اور چھوٹے تاجروں کو نقد لین دین سے ڈیجیٹل نظام کی جانب منتقل ہونے کا اعتماد فراہم کر رہے ہیں۔

کریم جندانی نے کہا کہ کارانداز کے ساتھ یہ شراکت ہمیں اپنی پے ایپ پلیٹ فارم اور آن گراؤنڈ مہارت کو مزید وسعت دینے کا موقع فراہم کرتی ہے تاکہ ڈیجیٹل مالیاتی خودمختاری صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہے بلکہ ملک بھر میں عام ہو سکے۔

یہ شراکت کارانداز کے اُس عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت ادارہ ایسے جدید حل کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جو عملی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں جامع ڈیجیٹل مالیاتی ترقی کو فروغ دیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026