ایک ہی دن میں 274 کوہ پیماؤں کا ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا نیا ریکارڈ قائم
- 274 کوہ پیماؤں نے نیپال کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک رسائی حاصل کی
دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا، جہاں بدھ کے روز ایک ہی دن میں 274 کوہ پیماؤں نے نیپال کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک رسائی حاصل کی۔
نیپال کی ایک مہماتی تنظیم کے عہدیدار کے مطابق یہ کسی ایک دن میں ایورسٹ سر کرنے والوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ 8,849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ نیپال اور چین کے تبت خطے کی سرحد پر واقع ہے اور اسے دونوں اطراف سے سر کیا جا سکتا ہے۔
تاہم مہماتی آپریٹرز کے مطابق اس سال چینی حکام کی جانب سے اجازت نامے جاری نہ کیے جانے کے باعث تبت کی جانب سے کوئی کوہ پیما ایورسٹ پر نہیں گیا۔
ایکسپیڈیشن آپریٹرز ایسوسی ایشن آف نیپال کے سیکریٹری جنرل رشی بھنڈاری نے بتایا کہ اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ 223 کوہ پیماؤں نے 22 مئی 2019 کو نیپالی جانب سے چوٹی سر کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تعداد میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ کچھ کوہ پیما ابھی تک بیس کیمپ کو اپنی کامیابی سے آگاہ نہیں کر سکے۔
نیپال کے محکمہ سیاحت کے اہلکار ہمال گوتم کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق 250 سے زائد افراد نے بدھ کو چوٹی سر کی، تاہم حتمی تعداد تصاویر اور شواہد موصول ہونے کے بعد ہی تصدیق کی جائے گی۔
نیپال نے رواں سال ایورسٹ سر کرنے کے لیے 494 پرمٹ جاری کیے ہیں، جن میں ہر ایک کی فیس 15 ہزار ڈالر ہے۔
ماہرینِ کوہ پیمائی اکثر نیپال پر تنقید کرتے ہیں کہ وہ بہت زیادہ کوہ پیماؤں کو اجازت دیتا ہے، جس کے باعث ڈیتھ زون میں خطرناک رش اور لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں، جہاں آکسیجن کی سطح انسانی بقا کے لیے انتہائی کم ہوتی ہے۔
نیپال نے اس خطرے کو تسلیم کرتے ہوئے سخت قوانین اور زیادہ فیسیں متعارف کرائی ہیں۔