مارکٹس

بینک اسلامی نے مویشی منڈیوں میں راست کیو آر پیمنٹس کا آغاز کردیا

ملکی مویشی منڈیوں میں ہر عید سیزن میں اربوں روپے کا لین دین ہوتا ہے، اشفاق احمد
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی گو کیش لیس مہم کے مطابق بینک اسلامی کے ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارم ایک نے عیدالاضحیٰ 2026 سے قبل ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں راست کیو آر ادائیگیوں کی سہولت فعال کردی ہے۔

ایک بیان میں اسلامی بینک نے کہا کہ وہ مویشی منڈیوں کو ڈیجیٹلائز کررہا ہے،اپنی ڈیجیٹل صلاحیتوں کے ذریعے خرید و فروخت کے عمل کو آسان اور ہموار بنا رہا ہے تاکہ خریداروں اور تاجروں کے لیے لین دین زیادہ سہل اور آسان ہوسکے۔

اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک کے چیف آفیسر اشفاق احمد نے کہا کہ پاکستان کی مویشی منڈیوں میں ہر عید سیزن میں اربوں روپے کا لین دین ہوتا ہے جو کہ تقریباً مکمل طور پر نقد کی صورت میں ہوتا ہے، ہم ایک پر نہ صرف محفوظ اور بلاتعطل متبادل فراہم کر کے اس تجربے کو بہتر بنانے کیلئے کام کررہے ہیں بلکہ پاکستان کے سود سے پاک بینکنگ ایکو سسٹم کی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

جیسے جیسے گو کیش لیس مہم کا دائرہ کار ہر سال وسیع ہورہا ہے بینک اسلامی کا ایک معیشت کو جدید اور ڈیجیٹلائز کرنے کی حکومتی کوششوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے کا عزم رکھتا ہے جو کیش لیس پاکستان کے لیے وزیرِ اعظم کے وژن کی براہِ راست تائید ہے۔

کچھ روز قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں محفوظ، آسان اور نقدی سے پاک لین دین کو فروغ دینے کے لیے عید الاضحیٰ 2026 کے لیے ملک گیرگو کیش لیس مہم کا آغاز کیا۔ یہ اقدام نقدی پر انحصار کم کرنے اور ملک کے ادائیگیوں کے نظام (پیمنٹ ایکو سسٹم) کو ڈیجیٹلائز کرنے کے اسٹیٹ بینک کے وسیع تر تزویراتی وژن کا حصہ ہے۔

اس مہم میں شامل بینک اکاؤنٹ کھولنے اور کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگیوں کے حل فراہم کر کے مویشی بیچنے والوں (بیوپاریوں)، ٹرانسپورٹرز اور دیگر متعلقہ خدمات فراہم کرنے والوں کو ڈیجیٹل پیمنٹ چینلز پر لا رہے ہیں۔