پاکستان

پنجاب میں مویشی منڈیاں آج سے لگیں گی

  • عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر کوئی فیس چارج نہ کرنے کا اعلان
شائع اپ ڈیٹ

پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں عارضی مویشی منڈیاں اور سیل پوائنٹس آج (اتوار) سے مکمل طور پر فعال کیے جا رہے ہیں۔ اس سال قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر کسی قسم کی فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی صدارت میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں بلدیاتی ملازمین اور ستھرا پنجاب ایجنسیز کے ورکرز کی عید کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ سڑکوں پر جانوروں کی غیر قانونی فروخت پر سخت پابندی ہوگی اور خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں کی رہنمائی کے لیے رکشوں پر لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کروائے جائیں گے اور قربانی کرنے والے گھرانوں میں ماحول دوست بیگز تقسیم ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کے خصوصی انتظامات کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جبکہ آلائشیں سڑکوں یا نالیوں میں پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ لاہور میں شاہ پور کانجراں کی مستقل منڈی کے علاوہ سگیاں، واہگہ، برکی روڈ، ایل ڈی اے سٹی اور رائیونڈ میں 5 عارضی منڈیاں فعال کر دی گئی ہیں جہاں پینے کے پانی، پارکنگ، سیکیورٹی اور صفائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر2026