میدان کرکٹ میں پاکستانی بیٹیوں کا ساتھ : آسٹریلیا نے 10 سالہ رفاقت کا جشن منایا
- آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کرکٹ کو پاک آسٹریلیا دوستی اور لڑکیوں کی خود اعتمادی و روشن مستقبل کے لیے اہم قرار دیا
آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سرینا ہوٹلز کے اشتراک سے اسلام آباد میں گرلز کرکٹ کپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پاکستان میں لڑکیوں کی کرکٹ کے لیے آسٹریلیا کی 10 سالہ معاونت کا جشن منانا تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں اور سماجی اداروں کی طالبات نے شرکت کی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کی مضبوط کڑی ہے، جو لڑکیوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور انہیں اپنا مستقبل سنوارنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام زمینی سطح سے لے کر اعلیٰ درجے کے مقابلوں تک ہماری کرکٹ پارٹنرشپ کی عکاسی کرتا ہے۔
2016 میں اسلام آباد سے شروع ہونے والا یہ پروگرام اب لاہور اور کراچی تک پھیل چکا ہے۔ ٹورنامنٹ سے قبل پی سی بی کوچز نے کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کی، تاکہ ان کی تکنیکی اور قائدانہ صلاحیتیں بہتر ہوں۔ سرینا ہوٹلز نے بھی خواتین کی بااختیاری اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے اپنے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کے مختلف ماڈل کالجز اور ایس او ایس چلڈرن ویلج کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ یہ ایونٹ کھیلوں کے ذریعے صنفی مساوات کے فروغ کے لیے آسٹریلیا کی ترجیحات کا آئینہ دار ہے۔