پی پی ایل کی بڑی کامیابی، ورک اوور آپریشن کے بعد کنویں سے پیداوار میں اضافہ
- ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے تقریباً 850 بیرل یومیہ تیل، ایک ملین مکعب فٹ یومیہ گیس کی پیداوار حاصل ہوئی
تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنی پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے بدھ کو ادھی فیلڈ میں ادھی ساؤتھ-2 کنویں کی سائیڈ ٹریکنگ کے لیے کامیاب ورک اوور آپریشنز مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا ہے۔
نوٹس کے مطابق اس کنویں کو پی پی ایل آپریٹ کررہی ہے جس کا ورکنگ انٹرسٹ 39 فیصد ہے جبکہ جوائنٹ وینچر شراکت داروں میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) 50 فیصد اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) 11 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے حامل ہیں۔
پی پی ایل کے مطابق ادھی ساؤتھ-2 کو 2020 میں ایک تشخیصی کنویں کے طور پر کھودا گیا تھا جہاں سے ابتدائی طور پر یومیہ تقریباً 800 بیرل تیل حاصل ہوا تھا۔
کمپنی کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ اس کنویں کی پیداوار کم ہوکر تقریباً 200 بیرل یومیہ رہ گئی تھی۔
مالی سال 24-2023 کے دوران پیداوار میں اضافے کے لیے کنویں کی ہائیڈرولک فریکچرنگ کی گئی تھی۔
تاہم فریکنگ کے بعد پانی کی زیادہ مقدار آنے کے باعث کنویں سے بہاؤ رک گیا اور گیس لفٹ سمیت بغیر رِگ کے کی جانے والی متعدد مداخلتی کوششوں کے باوجود پیداوار بحال نہ ہوسکی۔
نوٹس کے مطابق ادھی جوائنٹ وینچر نے پانی والے زون سے بچنے کے لیے کنویں کی سائیڈ ٹریکنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سائیڈ ٹریک آپریشنز حال ہی میں کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیے گئے جن میں مقررہ 48 دنوں کے مقابلے میں صرف 28 دن صرف ہوئے۔ رِگ ہٹانے کے بعد کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے تقریباً 850 بیرل یومیہ تیل اور 1 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس کی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔
کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا کہ حالیہ کامیابی سے نہ صرف پیداوار کی موجودہ سطح میں اضافہ متوقع ہے بلکہ فیلڈ کے دیگر کم کارکردگی والے کنوؤں پر بھی اسی نوعیت کے اصلاحی اقدامات اپنانے کے حوالے سے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔