پاکستان اور ترکمانستان کا علاقائی توانائی اور تجارتی روابط بڑھانے پر اتفاق
- وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ترکمانستان کے سفیر اتاجان مولاموف کی ملاقات
پاکستان اور ترکمانستان نے منگل کو علاقائی توانائی کی ترسیل (کنیکٹیویٹی) اور انفرااسٹرکچر کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد نے وسطی ایشیا کو اپنی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے تجارتی اور ٹرانزٹ گیٹ وے کے طور پر اپنے کردار کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔
یہ پیشرفت وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اتاجان مولاموف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ سرکاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تجارت کے فروغ، علاقائی رابطوں، توانائی شعبے میں تعاون اور دونوں برادر ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے علاقائی تجارتی راہداریوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت، لاجسٹکس کے شعبے میں تعاون اور پاکستان و وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارتی روابط کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کا مرکزی نکتہ تجارتی راستوں کی توسیع، سامان کی ترسیل کو سہل بنانے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط کے فروغ پر مرکوز رہا۔
جام کمال نے وسطی ایشیا کو اپنی بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی اور عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے پاکستان کی اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت کو ایک قدرتی تجارتی گیٹ وے کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال اور عالمی سپلائی چین کے بدلتے رجحانات نے پاکستان کے مواصلاتی رابطوں اور لاجسٹکس کی صلاحیت کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط معاشی انضمام، مؤثر نقل و حمل کے روابط اور کاروباری اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی (بزنس ٹو بزنس انگیجمنٹ) دونوں ممالک کے لیے تجارت کے وسیع مواقع پیدا کرسکتی ہے۔
انہوں نے نجی شعبوں کے درمیان براہِ راست روابط کو فروغ دینے کے لیے بزنس فورمز اور نمائشوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ چیمبرز آف کامرس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سفیر مولاموف نے علاقائی تجارت کی سہولت کاری اور رابطہ سازی کے اقدامات کے حوالے سے پاکستان کے مثبت طرزِ عمل کو سراہا۔ انہوں نے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور پاکستان کے ساتھ تجارتی و نقل و حمل کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ترکمانستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے توانائی شعبے میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا جس میں علاقائی توانائی کے روابط اور مستقبل کے ایسے بنیادی ڈھانچے (انفرااسٹرکچر) میں اشتراکِ عمل شامل ہے، جس کا مقصد طویل مدتی علاقائی معاشی انضمام اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔
ملاقات میں باہمی معاشی مفاد کے مختلف شعبوں کا مزید جائزہ لیا گیا اور پاکستان و ترکمانستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل سفارتی رابطوں، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تجارت، توانائی، لاجسٹکس اور نجی شعبے کے روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے نئے امکانات اور راستے کھولے گا۔