کاروبار اور معیشت

ایس آئی ایف سی کا 30 ملین ڈالر کے ایئرلائن منصوبے کی طویل التواء منظوریوں کو فاسٹ ٹریک کرنے کا فیصلہ

  • ایس آئی ایف سی کی فوری کارروائی، جیٹ گرین کے 30 ملین ڈالر ایئرلائن منصوبے کی طویل ریگولیٹری رکاوٹیں دور، پاکستان کے ہوا بازی شعبے میں مقابلہ اور روزگار کے مواقع میں اضافہ
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کا ہوا بازی کا شعبہ ایک نئے فروغ کی طرف بڑھ رہا ہے، کیونکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے جِیٹ گرین پرائیویٹ لمیٹڈ کے طویل عرصے سے زیر التواء ریگولیٹری منظوریوں کے عمل کو تیز کرتے ہوئے 30 ملین ڈالر کے ایئرلائن منصوبے کو عملی مرحلے کے قریب پہنچا دیا ہے۔

ایس آئی ایف سی کے مطابق کونسل نے مختلف متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر برسوں سے جاری ریگولیٹری رکاوٹیں دور کرنے اور فیصلہ سازی کے عمل کو تیز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سہولت کاری کے عمل میں ہوا بازی کا لائسنس، حفاظتی منظوری، کمرشل آپریٹنگ اجازت نامے اور ایئرلائن سرٹیفکیشن سمیت متعدد ریگولیٹری تقاضے شامل تھے۔ حکام کے مطابق اس مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے قومی ہوا بازی کے معیار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا گیا اور منظوری کے عمل میں نمایاں کمی آئی۔

تمام بڑے مراحل مکمل ہونے کے بعد جِیٹ گرین اب دستاویزی مرحلے سے نکل کر عملی تیاری کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس سے پاکستان کی ہوا بازی مارکیٹ میں ایک نئی نجی ایئرلائن کے داخلے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

اس پیش رفت سے توقع کی جا رہی ہے کہ ہوا بازی کے شعبے میں مسابقت بڑھے گی، مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور ہوا بازی سمیت اس سے منسلک دیگر صنعتوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

حکام کے مطابق یہ پیش رفت اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اُس وسیع تر مینڈیٹ کی عکاس ہے جس کا مقصد تعطل کا شکار سرمایہ کاری منصوبوں کو بحال کرنا، کاروبار کرنے کے عمل کو آسان بنانا اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے اس عزم کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ معیشت کے اہم شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، جس کے لیے ریگولیٹری فیصلوں میں تیزی اور سرمایہ کاری کے فروغ کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔