فرنچ اوپن بائیکاٹ کی دھمکی : کھلاڑیوں کا آمدنی میں منصفانہ حصے اور احترام کا مطالبہ
- ٹورنامنٹ کی آمدنی میں ان کا حصہ 2024 میں 15.5 سے کم ہو کر 2026 میں 14.9 فیصد رہنے کا امکان ہے، کھلاڑیوں کا موقف
عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار جینیک سنر نے خبردار کیا ہے کہ اگر فرنچ اوپن کی انعامی رقم میں اضافہ نہ کیا گیا تو کھلاڑی ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔
سنر کے مطابق یہ صرف پیسوں کا نہیں بلکہ احترام کا معاملہ ہے کیونکہ کھلاڑیوں کو لگتا ہے کہ انہیں ان کی محنت کے مطابق صلہ نہیں مل رہا۔
آرینا سبالینکا اور کوکو گوف نے بھی اس موقف کی حمایت کی ہے۔ کھلاڑیوں کے مطابق ٹورنامنٹ کی کل آمدنی میں ان کا حصہ 2024 میں 15.5 فیصد تھا جو 2026 تک مزید کم ہو کر 14.9 فیصد رہ جائے گا، جبکہ کھلاڑی 22 فیصد حصے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ فرنچ اوپن انتظامیہ نے انعامی رقم میں 9.5 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے، جسے کھلاڑیوں نے ناکافی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
نوواک جوکووچ نے بھی سبالینکا کی قیادت کو سراہتے ہوئے اس جدوجہد کی حمایت کی ہے۔ پروفیشنل ٹینس پلیئرز ایسوسی ایشن (پی ٹی پی اے) کا کہنا ہے کہ یہ تنازع کھیل کے ڈھانچے میں اصلاحات کی فوری ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔