سابق چیئرمین نادرا طارق ملک عالمی آئیڈنٹٹی 25 فہرست میں شامل
- اوکٹا کے مطابق یہ اعزاز ان شخصیات کو دیا گیا ہے جنہوں نے سافٹ ویئر کی تیاری، معیارات کی ترقی اور اسٹریٹجک نفاذ کے ذریعے ڈیجیٹل لین دین کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے سابق چیئرمین طارق ملک کو امریکی کلاؤڈ بیسڈ آئیڈینٹی اور ایکسیس مینجمنٹ (آئی اے ایم) پلیٹ فارم اوکٹا(Okta) کی جانب سے دنیا کے ٹاپ 25 آئیڈنٹٹی لیڈرزمیں شامل کر لیا گیا ہے۔
اوکٹا کے مطابق یہ اعزاز ان شخصیات کو دیا گیا ہے جنہوں نے سافٹ ویئر کی تیاری، معیارات کی ترقی اور اسٹریٹجک نفاذ کے ذریعے ڈیجیٹل لین دین کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔
اوکٹا نے کہا ہے کہ ان ماہرین کا کام ڈیجیٹل دور کے اہم ترین چیلنجز سے نمٹتا ہے، جیسے ایسے ایجنٹک اے آئی اداروں کی تصدیق جو انسانی نگرانی کے بغیر پیچیدہ کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور اے آئی سے بنائی گئی حقیقت سے مشابہ جعلی معلومات (ڈیپ فیکس) کے خلاف تحفظ فراہم کرنا جو بایومیٹرک سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔
اوکٹا کی رپورٹ 2026 دی آئیڈنٹٹی 25 کے مطابق طارق ملک گزشتہ 25 سالوں سے حکومتوں اور کثیر الجہتی اداروں کو ڈیجیٹل شناخت اور سول رجسٹریشن کے نظام بنانے میں مشاورت فراہم کر رہے ہیں، جو سماجی تحفظ اور معاشی ترقی کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توقعات اکثر زیادہ ہوتی ہیں اور ادارے دباؤ کا شکار ہوتے ہیں، مگر وعدہ ہمیشہ ایک ہی ہوتا ہے: کارکردگی، شمولیت اور بہتر سروس ڈیلیوری۔
نادرا میں اپنی خدمات کے دوران طارق ملک نے دنیا کے سب سے بڑے بایومیٹرک رجسٹریشن منصوبوں میں سے ایک کی قیادت کی۔
رپورٹ کے مطابق نادرا نے 145 ملین سے زائد شہریوں کا اندراج کیا اور اس ڈیجیٹل شناختی نظام کو سماجی پروگراموں کے لیے استعمال کیا، جن کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، اندرونی طور پر بے گھر افراد کا تحفظ، بدعنوانی کے خاتمے اور غربت میں کمی تھا۔
طارق ملک کے مطابق پاس کیز بڑے پیمانے پر پاس ورڈز کا خاتمہ کر رہے ہیں، جبکہ معیارات پر مبنی ویریفائی ایبل کریڈینشلز ایسے نظام کو فروغ دے رہے ہیں جو مکمل ڈیٹا شیئرنگ کے بجائے محدود اور محفوظ معلوماتی تصدیق فراہم کرتے ہیں۔
2023 میں طارق ملک نے نادرا کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ یہ ان کا نادرا میں دوسرا دور تھا، جبکہ پہلا دور 2013 میں ختم ہوا تھا۔