وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کردیا
- مسافروں کے کرایوں اور مال برداری (فریٹ) کے چارجز میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہونے دیا جائے، شہباز شریف کی حکام کو سختی سے ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی مسلسل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم آفس (پی ایم او) کے مطابق وزیراعظم نے موٹر سائیکل سواروں کے ساتھ ساتھ پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ منظور کی گئی سبسڈی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
مزید برآں وزیراعظم نے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کے کرایوں اور مال برداری (فریٹ) کے چارجز میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہونے دیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی ریلیف کے اقدامات کی مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، تاکہ فوائد براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ان مشکل حالات میں عام آدمی کے لیے اربوں روپے کے قومی ریلیف پیکج کا انتظام کیا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان حالات میں عوام کو جتنا ممکن ہو سکے ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مستقبل کے لیے امید ظاہر کرتے ہوئے دعا کی کہ علاقائی صورتحال میں جلد بہتری آئے، تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
یہ پیش رفت وزیراعظم کی جانب سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کے اعلان کے تقریباً ایک ماہ بعد سامنے آئی ہے، جس میں موٹر سائیکل مالکان کے لیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی شامل تھی۔ اس کے بعد سندھ اور پنجاب کی حکومتوں نے بھی اہل موٹر سائیکل مالکان کے لیے 2,000 روپے ماہانہ کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر اپریل کے آخر تک مفت کر دیا گیا تھا، جبکہ 4 اپریل کو انہوں نے ریلوے کے اکانومی کلاس کے مسافروں کے کرایوں میں بھی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔