تیسری ہائبرڈ سکوک نیلامی: حکومت نے 114 ارب روپے اکھٹے کرلئے
- مجموعی بولیوں کی مالیت 354.395 ارب روپے تک جا پہنچی
حکومت نے اپنے ہائبرڈ سکوک کی تیسری نیلامی کے ذریعے 114.347 ارب روپے اکٹھے کرلیے ہیں۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے ذریعے کی جانے والی نیلامی میں بھرپور شرکت دیکھی گئی جہاں جمعرات کو جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق مجموعی بولیوں کی مالیت 354.395 ارب روپے (فیس ویلیو) تک جا پہنچی جو کہ 344.716 ارب روپے کی ریلائزڈ ویلیو بنتی ہے۔
میزان بینک لمیٹڈ نے اس لین دین کے لیے لیڈ جوائنٹ فنانشل ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
دریں اثنا نیلامی کے نتائج کے مطابق ایک سالہ فکسڈ ریٹ (ڈسکاؤنٹڈ) سکوک کے لیے کٹ آف ییلڈ 12 فیصد مقرر کی گئی جو گزشتہ سطح سے 20 بیسس پوائنٹس زیادہ ہے۔
طویل مدت کے لیے 10 سالہ ویری ایبل رینٹل ریٹ سکوک کی قیمت 11.7568 فیصد مقرر کی گئی جو کہ 11.3685 فیصد کے ریفرنس ریٹ پر 38.83 بیسس پوائنٹس کا اسپریڈ (اضافی شرح) فراہم کرتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ شرکاء نے اس بھرپور ردعمل کی وجہ مارکیٹ میں بہتری کی حامل لیکویڈیٹی اور اسلامی سرمایہ کاری کے ذرائع، بالخصوص متنوع منافع کے ڈھانچے کے حامل سرکاری سکوک میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی مسلسل دلچسپی کو قرار دیا ہے۔