سیمیٹری گروپ اور جاز کے درمیان 3 سالہ معاہدہ طے پاگیا
- معاہدے سے آمدن میں سالانہ تقریباً 500 ملین روپے اضافے کی توقع ہے، سیمیٹری گروپ
سیمیٹری گروپ لمیٹڈ نے پیر کو اعلان کیا کہ اس کی ذیلی کمپنی آئرس ڈیجیٹل (پرائیویٹ) لمیٹڈ یکم اپریل سے 3 سال کی مدت کے لیے جاز کو خدمات فراہم کرے گی۔
کمپنی نے آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اس بارے میں آگاہ کردیا ہے۔
گروپ نے بتایا کہ معاہدے سے گروپ کی آمدن میں سالانہ تقریباً 500 ملین روپے اضافے کی توقع ہے جو کہ معاہدے کی شرائط و ضوابط کے مطابق کنٹریکٹ کی پوری مدت کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 1,500 ملین روپے بنتی ہے۔
گزشتہ اسائنمنٹ کے معاہدے بھی آخری مراحل میں ہیں، توقع ہے کہ مقررہ وقت پر ان پر عملدرآمد کردیا جائے گا۔
سیمیٹری ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تجربات فراہم کرنے والی کمپنی ہے جو ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات میں مہارت رکھتی ہے۔
رواں سال جنوری میں پاکستان میں قائم اس ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ تجارتی اور تکنیکی جائزوں کی تکمیل کے بعد آئرس ڈیجیٹل کو جاز کے ڈیجیٹل اور کریئیٹو مینڈیٹس کے لیے ترجیحی بولی دہندہ کے طور پر منتخب کرلیا گیا ہے۔
اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق جاز نے باقاعدہ تحریری طور پر اس انتخاب سے آگاہ کر دیا ہے اور حتمی معاہدوں پر مقررہ وقت میں دستخط کردیے جائیں گے۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ تقرری تین سال کی مدت کے لیے ہے جس میں 2026، 2027 اور 2028 شامل ہیں۔
گروپ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اس پیشرفت کو ایک سنگ میل اور مربوط ڈیجیٹل، تخلیقی اور ٹیکنالوجی پر مبنی مارکیٹنگ سروسز کے شعبے میں گروپ کی صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر دیکھتی ہے۔