مارکٹس

مہنگائی بڑھنے کے خدشات، سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان

  • اسپاٹ گولڈ 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 4,686.29 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا،
شائع اپ ڈیٹ

سونے کی عالمی قیمتیں جمعہ کے روز مستحکم رہیں تاہم ہفتہ وار بنیادوں پر کمی کے رجحان پر ہیں، کیونکہ خام تیل کی بلند قیمتوں نے مہنگائی اور شرح سود میں اضافے کے خدشات کو تقویت دی ہے۔ اس کے ساتھ امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں تعطل بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

اسپاٹ گولڈ 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 4,686.29 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا، جبکہ یہ اس ہفتے اب تک تقریباً 3 فیصد نیچے آ چکا ہے، جو مسلسل چار ہفتوں کے اضافے کے بعد پہلی بڑی کمی ہے۔ جون کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 4,702 ڈالر پر آ گئے۔

دوسری جانب برینٹ کروڈ کی قیمتیں اس ہفتے 17 فیصد سے زائد بڑھ کر 105 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گئیں، کیونکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث سپلائی کے خدشات برقرار ہیں۔

ماہرین کے مطابق تیل کی بلند قیمتیں ٹرانسپورٹ اور پیداوار کے اخراجات بڑھا کر مہنگائی میں اضافہ کرتی ہیں، جس سے شرح سود مزید بلند رہنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ بلند شرح سود سونے کی طلب کو متاثر کرتی ہے کیونکہ یہ منافع نہ دینے والی سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سونا اس وقت محدود رینج میں ٹریڈ کر رہا ہے، جس میں اوپر کی حد 4,900 ڈالر اور نیچے کی حد 4,645 ڈالر ہے۔ ان کے مطابق سونے کی سمت کا انحصار اب مکمل طور پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ہے۔

دوسری دھاتوں میں چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی، جبکہ امریکی ڈالر اور ٹریژری ییلڈز میں اضافے نے بھی سونے پر دباؤ بڑھایا ہے۔