ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے فروغ سے چینی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ بڑھانے پر زور
- شنگھائی میں ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں کی پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد سے ملاقات
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر اور بزنس مین پینل پروگریسیو (بی ایم پی پی) کے چیئرمین ثاقب فیاض مگوں نے شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک چین تجارتی تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے فروغ کے ذریعے چین کی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ پاکستان کو خام مال کی برآمد سے آگے بڑھ کر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی طرف جانا ہوگا، بصورت دیگر چین کی وسیع مارکیٹ میں خاطر خواہ کامیابی ممکن نہیں ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ زرعی اور خوراک کے شعبے میں پراسیسنگ، پیکیجنگ، معیار اور برانڈنگ میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے، پاکستانی کسانوں اور برآمدکنندگان کو اپنی پیداوار کو چینی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہوگا تاکہ برآمدی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر بھی بات ہوئی۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئی ٹی برآمدات، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ میں مشترکہ منصوبے اور ڈیجیٹل سروسز کے فروغ کے لیے جدید انفرااسٹرکچر اور ٹیکنالوجی پارکس میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔
نیفتھا کریکر پلانٹ منصوبے کی پیش رفت بھی زیر بحث آئی جو گزشتہ سال ایم او یو کے تحت طے پایا تھا لیکن چینی جانب سے مالیاتی رکاوٹوں کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس منصوبے کی پاکستان کی صنعتی ترقی اور پیٹروکیمیکل سیکٹر کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔
شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد نے ایف پی سی سی آئی کی تجارتی سفارتکاری کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ شنگھائی میں قونصلیٹ پاکستانی برآمدکنندگان کو سہولیات فراہم کرے گا، تجارتی روابط کو مضبوط بنائے گا اور چین میں نئے مواقع تلاش کرنے میں بھرپور تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا اہم اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان قریبی تعاون طویل مدتی فوائد کا ذریعہ بنے گا۔
ثاقب فیاض مگوں نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی پاک چین تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ویلیو ایڈڈ شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کرے گا۔