دنیا

ٹرمپ سے ملاقات بڑے معاہدے کی تیاری کے بعد ممکن، صدر بیلا روس

  • اس وقت مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے، الیگزینڈر لوکاشینکو
شائع April 19, 2026 اپ ڈیٹ April 19, 2026 01:41pm

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے اس وقت تیار ہوں گے جب دونوں ممالک کے درمیان ایک بڑا معاہدہ مکمل طور پر تیار کر لیا جائے گا۔

روسی ٹی وی نیٹ ورک آر ٹی کو دیے گئے انٹرویو میں، جس کے اقتباسات اتوار کو جاری کیے گئے، لوکاشینکو نے کہا کہ ہم معاہدے کے لیے تیار ہیں، لیکن یہ ایسا ہونا چاہیے جو امریکہ اور بیلاروس دونوں کے مفادات کی عکاسی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے اور جب نچلی سطح پر تمام معاملات طے پا جائیں گے تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات اور معاہدے پر دستخط کے لیے تیار ہوں گے۔

لوکاشینکو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں اور انہوں نے یوکرین جنگ میں روس کی حمایت کی ہے، تاہم بیلاروس نے اب تک اپنی فوج براہِ راست جنگ میں نہیں بھیجی۔

رپورٹس کے مطابق مارچ میں ٹرمپ کے ایلچی جان کویل نے اشارہ دیا تھا کہ لوکاشینکو جلد امریکہ کا دورہ کر سکتے ہیں، جو مغرب اور بیلاروس کے درمیان تعلقات میں ممکنہ بہتری کی علامت ہوگا۔

لوکاشینکو نے کہا کہ مغربی پابندیوں کے باوجود بیلاروس نے خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھال لیا ہے، اور مستقبل کا کوئی بھی معاہدہ صرف پابندیوں میں نرمی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس سے آگے بھی جانا چاہیے۔