پاکستان حکومت نے ہائبرڈ سکوک کا پہلا اجرا مکمل کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے 109.297 ارب روپے حاصل کر لیے، یہ بات جمعرات کو جاری کردہ ایک اعلامیے میں بتائی گئی ہے۔

ابتدائی اجرا میں پیش کیے گئے آلات میں ایک سالہ فکسڈ ریٹ ڈسکاؤنٹڈ گورنمنٹ آف پاکستان ہائبرڈ سکوک اور 10 سالہ ویری ایبل رینٹل ریٹ ( وی آر آر) گورنمنٹ آف پاکستان ہائبرڈ سکوک شامل تھے۔

اعلامیے کے مطابق، اجرا کو مجموعی طور پر 1.45 گنا زائد طلب موصول ہوئی، جو مقررہ ہدف 200 ارب روپے سے زیادہ رہی۔ ایک سالہ ڈسکاؤنٹڈ سکوک کے لیے کٹ آف رینٹل ریٹ 11.8000 فیصد جبکہ 10 سالہ وی آر آر کے لیے 11.7185 فیصد مقرر کیا گیا۔

ہائبرڈ سکوک کا ڈھانچہ اجارہ سیل اینڈ لیز بیک (اجارہ ایس ایل بی) ٹرانزیکشن اور کموڈیٹی مرابحہ ٹرانزیکشن پر مشتمل ہے، جس میں حاصل ہونے والی رقم کا 55 فیصد اجارہ ایس ایل بی جبکہ 45 فیصد کموڈیٹی مرابحہ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

یہ جدید ڈھانچہ اسلامی مالیات میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں شریعہ کے مطابق مالیاتی آلات کے لیے ایک نیا معیار قائم کرتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، یہ اجرا سرمایہ کاروں کی وسیع تر شمولیت کی راہ ہموار کرے گا اور اسلامی مالیاتی جدت میں علاقائی قیادت کو مزید مضبوط بنائے گا۔

اجرا موجودہ آکشن میکنزم کے تحت کیپیٹل مارکیٹ انفرااسٹرکچر اداروں ( سی ایم آئی آئیز) کے ذریعے نیلامی کے عمل کے تحت کیا گیا۔

اعلامیے میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈیٹ خالق الزمان نے کہا کہ ہائبرڈ ڈھانچے کا تعارف ایک اہم سنگِ میل ہے اور پاکستان میں شریعہ کے مطابق قرض مارکیٹس کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ ان کے مطابق ”یہ سرمایہ کاروں کے دائرہ کار کو وسیع کرے گا اور مقامی قرض مارکیٹ کو گہرا کرے گا، جس کے نتیجے میں قرض لینے کی لاگت میں کمی آئے گی، جو ڈیبٹ مینجمنٹ آفس ( ڈی ایم او) کا ایک اہم ہدف تھا۔“

وزارتِ خزانہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس (ڈی ایم او) نے اس ابتدائی اجرا کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی ) اور جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرز ( جے ایف ایز)، میزان بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح لمیٹڈ، دبئی اسلامک بینک اور بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ، کے اشتراک سے مکمل کیا۔ اس عمل میں کیپیٹل مارکیٹ انفرااسٹرکچر ادارے ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ ( این سی سی پی ایل)، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ ( سی ڈی سی پی ایل) اور ایس سی بی صادق، بھی شامل تھے۔