دنیا

نیٹو اتحادیوں کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی میں ٹرمپ کا ساتھ دینے سے انکار

  • ناکہ بندی جلد شروع ہوگی، دیگر ممالک بھی اس کا حصہ بنیں گے، صدر ٹرمپ کا دعویٰ
شائع April 13, 2026 اپ ڈیٹ April 13, 2026 07:57pm

امریکہ کے نیٹو اتحادیوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے منصوبے میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے، جس سے اس دفاعی اتحاد میں شدید تناؤ پیدا ہو گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فوج دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کرے گی، تاہم برطانیہ اور فرانس نے واضح کیا ہے کہ وہ اس جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ شدید دباؤ کے باوجود برطانیہ اس تنازع میں نہیں پڑے گا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے بھی ناکہ بندی کے بجائے جہاز رانی کی بحالی کے لیے ایک الگ دفاعی مشن کی تجویز دی ہے۔

اتحادیوں کا یہ انکار صدر ٹرمپ کے لیے ایک نیا چیلنج ہے، جو پہلے ہی نیٹو سے علیحدگی کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔ یاد رہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کا بڑا حصہ معطل ہے۔