دنیا

ٹراپیکل سائیکلون نیرل کا خطرہ: آسٹریلیا کے شمالی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری

  • 185 کلومیٹر فی گھنٹہ (115 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے چلنے والی تباہ کن ہواؤں کی پیش گوئی بھی کی گئی
شائع March 21, 2026 اپ ڈیٹ March 21, 2026 01:02pm

ٹراپیکل سائیکلون نیرل کے ہفتے کو آسٹریلیا کے شمالی علاقے (ناردرن ٹیریٹری) سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس سے ایک روز قبل اس طوفان نے ملک کے شمال مشرقی ساحل پر تباہ کن ہواؤں، موسلا دھار بارش اور پاور بریک ڈاؤن جیسی صورتحال پیدا کر دی تھی۔

آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق، خلیج کارپینٹیریا میں مغرب کی جانب بڑھنے والا کیٹیگری ٹو کا طوفان نیرل ہفتے کو دیر گئے شمالی علاقے کے دور افتادہ مشرقی حصوں تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیرل ہفتے کے دوران مزید شدت اختیار کرے گا کیونکہ یہ تیزی سے مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے، اس کے ساتھ ہی 185 کلومیٹر فی گھنٹہ (115 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے چلنے والی تباہ کن ہواؤں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

جمعہ کو نیرل کیٹیگری فور کے ایک طاقتور نظام کے طور پر ساحل سے ٹکرایا جو شدت کے اعتبار سے بلند ترین درجے سے محض ایک درجہ کم تھا۔ یہ لینڈ فال پڑوسی ریاست کوئینز لینڈ میں کیرنز سے تقریباً 550 کلومیٹر شمال میں ہوا جو کہ مشہور سیاحتی مقام گریٹ بیریئر ریف کا داخلی راستہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے بعد ازاں طوفان کے خشکی کی طرف بڑھنے کے ساتھ ہی اسے کمزور قرار دے دیا۔

نیرل سے قبل نومبر میں گردابی طوفان فینا شمالی علاقےسے ٹکرایا تھا جس نے سائیکلون ٹریسی کی تکلیف دہ یادیں تازہ کردیں جس نے 1974 میں کرسمس کے دن اس خطے کے دارالحکومت ڈارون کے بڑے حصے کو ملیا میٹ کر دیا تھا۔ ٹریسی نے 66 افراد کی جان لی تھی جو آسٹریلیا کی بدترین قدرتی آفات میں سے ایک تھی۔