دنیا

امریکی سیکرٹ سروس کی کارروائی، فلوریڈا میں ٹرمپ کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا شخص ہلاک

  • امریکی صدر واشنگٹن میں موجود تھے، واقعہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6:30 بجے پیش آیا، حکام
شائع اپ ڈیٹ

امریکی سیکرٹ سروس نے بتایا کہ اس کے ایجنٹوں نے ایک مسلح شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے جس نے ریاست فلوریڈا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ مار اے لاگو کی حفاظتی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔

واقعے کے وقت ٹرمپ واشنگٹن میں موجود تھے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 1:30 بجے (پاکستان کے وقت کے مطابق صبح 6:30 بجے) پیش آیا۔

سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ایجنٹوں نے اس شخص پر اس وقت فائرنگ کی جب انہوں نے اسے آج صبح سویرے مار-اے-لاگو کی محفوظ حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہوتے دیکھا۔

ایجنسی کے بیان کے مطابق مشتبہ شخص، جس کی عمر 20 سال کے لگ بھگ تھی، مار اے لاگو پراپرٹی کے شمالی گیٹ کے پاس دیکھا گیا، اس کے پاس ایک شاٹ گن اور ایندھن کا کین تھا۔

ایجنٹوں کا اس شخص سے سامنا ہوا اور انہوں نے گولیاں چلا دیں۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے کوئی امریکی افسر زخمی نہیں ہوا اور واقعے کے وقت مار-اے-لاگو میں کوئی بھی ایسی شخصیت موجود نہیں تھی جسے سیکرٹ سروس تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اس شخص کی جائے وقوعہ پر ہی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

پام بیچ کاؤنٹی کے شیرف رک بریڈ شا نے نامہ نگاروں کو بتایا ہم نے اسے صرف اتنا کہا کہ سامان نیچے رکھ دو جس کا مطلب گیس کا کین اور شاٹ گن تھی۔ بریڈ شا کے مطابق اس وقت اس نے گیس کا کین نیچے رکھ دیا لیکن شاٹ گن کو فائرنگ کی پوزیشن میں اوپر اٹھا لیا۔ اس کے بعد ایک ڈپٹی اور دو سیکرٹ سروس ایجنٹوں نے اسے گولی مار دی۔

ٹرمپ، جو اکثر اپنے ہفتے کے آخر مار-اے-لاگو میں گزارتے ہیں، اس سے قبل بھی قتل کی کئی سازشوں یا کوششوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں 59 سالہ ریان روتھ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس نے ستمبر 2024 میں امریکی انتخابات سے دو ماہ قبل فلوریڈا کے ایک گولف کورس میں صدر کے قتل کی سازش رچی تھی۔ ٹرمپ پر روتھ کے حملے کا منصوبہ پنسلوانیا میں ریپبلکن رہنما پر قاتلانہ حملے کے دو ماہ بعد سامنے آیا تھا، جہاں 20 سالہ میتھیو کروکس نے ایک ریلی کے دوران کئی گولیاں چلائی تھیں، جن میں سے ایک ٹرمپ کے دائیں کان کو چھو کر گزر گئی تھی۔

اس حملے میں جس میں ایک ریلی کے شریک فرد کی جان چلی گئی تھی، ٹرمپ کی اقتدار میں واپسی کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ کروکس کو سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا اور اس کا مقصد اب تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

اتوار کا یہ واقعہ ایک انتہائی منقسم ملک (امریکہ) میں سیاسی تشدد کے واقعات کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔ حکام نے اتوار کے واقعے میں ہلاک ہونے والے مشتبہ شخص کا نام جاری نہیں کیا ہے کیونکہ اس کے رشتہ داروں سے رابطہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔