راشد جہانگیر سامبا بینک کے مستقل صدر اور سی ای او مقرر
- تقرری اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی منظوری سے مشروط ہے
سامبا بینک لمیٹڈ نے بدھ کو راشد جہانگیر کو بینک کا مستقل صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بینک نے اس پیش رفت کے بارے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق راشد جہانگیر اس وقت قائم مقام صدر اور سی ای او کے عہدے پر فائز ہیں اور ان کی مستقل تقرری اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی منظوری اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ قوانین، قواعد اور ضوابط کی تعمیل سے مشروط ہے۔
سامبا بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق راشد جہانگیر ایک ماہرِ مالیات اور منجھے ہوئے بینکر ہیں جن کا انڈسٹری میں 23 سال سے زائد کا تجربہ ہے، وہ اسٹریٹجک پلاننگ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، فنانس، ٹیکسیشن، ایچ آر اور بزنس مینجمنٹ کے شعبوں میں وسیع مہارت رکھتے ہیں۔
انہوں نے جنوری 2016 میں سامبا بینک لمیٹڈ میں چیف فنانشل آفیسر اور بینک کی ایگزیکٹو ٹیم کے رکن کے طور پر شمولیت اختیار کی۔
راشد جہانگیر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس سے ایک سرٹیفائیڈ ڈائریکٹر بھی ہیں اور اس سے قبل وہ تین مرتبہ انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پاکستان (آئی کیپ) کی بینکنگ اینڈ فنانس کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔