عوام پاکستان پارٹی کے رہنما زعیم قادری چل بسے
- زعیم قادری عارضہ قلب میں مبتلا تھے، تین روز قبل اسپتال داخل کرایا گیا تھا
عوام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما سید زعیم حسین قادری نے صبح تقریباً 4 بجے نجی اسپتال میں آخری سانس لی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور تین روز قبل انہیں لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ مغرب کی نماز کے بعد لارنس روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی۔
زعیم قادری کا شمار پنجاب کے متحرک سیاسی رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ اس وقت عوام پاکستان پارٹی کے ترجمان پنجاب کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ اس سے قبل وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی اور حکومتی ترجمان بھی رہ چکے تھے۔
ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف رہنماؤں نے مرحوم کی سیاسی خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینئر سیاستدان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زعیم قادری کی سیاسی و سماجی خدمات کو قابلِ ذکر اور لائقِ تحسین قرار دیتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔