کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ نے افغانستان کو ڈبل سپر اوور میں شکست دے دی

  • دونوں جانب سے جارحانہ مقابلے نے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا
شائع February 11, 2026 اپ ڈیٹ February 11, 2026 03:13pm

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقا نے دوسرے سُپر اوور میں افغانستان کو شکست دے دی۔

بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلا گیا سنسنی خیز میچ ٹی 20 ورلڈکپ کی تاریخ کا دلچسپ ترین میچ بن گیا جہاں دونوں جانب سے جارحانہ مقابلے نے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔

مقررہ اوورز میں میچ کا فیصلہ نہ ہوسکا تو سپر اوور میں اسکور پھر برابر ہوگیا جس کے بعد دوسرا سُپر اوور بھی تجسس سے بھرپور رہا اور آخری گیند تک بے یقینی کی کیفیت برقرار رہی، بالاخر جنوبی افریقا نے یہ سنسنی خیز میچ اپنے نام کرلیا۔

گروپ ڈی کے اس اہم میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کپتان راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر بولرز نے بھی دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش کی۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا۔

افغان بیٹرز نے ہدف کے قریب پہنچ کر میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا، تاہم پوری ٹیم 187 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یوں دونوں ٹیموں کا اسکور برابر رہا اور میچ ٹائی قرار پایا۔