ملتان سلطانز ریکارڈ 2.45 ارب روپے میں ولی ٹیکنالوجیز کو فروخت
- بولی کی رقم میں فرنچائز کی سالانہ فیس بھی شامل ہوگی
- ٹیم کی شناخت ملتان کے بجائے راولپنڈی سے منسوب کرنے کا فیصلہ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کو لاہور میں ہونے والی نیلامی کے دوران میڈیا، ٹیکنالوجی اور فنانس فرم ولی ٹیکنالوجیز کو ریکارڈ 2.45 ارب روپے میں فروخت کر دیا گیا ہے۔
نیلامی کے دوران میزبان فخر عالم نے بولی دہندگان کو مطلع کیا کہ جیتنے والی رقم میں سالانہ فرنچائز فیس بھی شامل ہوگی، جس سے اگلے 10 سال کے لیے ملکیت کے حقوق حاصل ہو جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ولی ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) احسن طاہر نے اعلان کیا کہ فرنچائز کی ری برانڈنگ کی جائے گی اور انہوں نے ٹیم کا نام راولپنڈی کے نام پر رکھنے کے منصوبے کا انکشاف کیا۔ انہوں نے حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا کہ کیا آپ سرپرائز کے لیے تیار ہیں؟ ہم راولپنڈی (کے نام) کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کامیاب بولی پر ولی ٹیکنالوجیز کو مبارکباد دی اور ملتان سلطانز فرنچائز کا تصور پیش کرنے پر سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی نے نجم سیٹھی کو اسٹیج پر مدعو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرنچائز نجم سیٹھی صاحب نے بنائی تھی جنہوں نے اس سفر کا آغاز کیا تھا۔ ہمیں خوشی ہے کہ وہ آج یہاں ہمارے ساتھ موجود ہیں۔
اپنے کلمات میں نجم سیٹھی نے اس پیش رفت کو ایک دیرینہ خواب کی تعبیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ یہ ایک خواب کی تکمیل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خاص طور پر اس بات کی خوشی ہے کہ یہ منتقلی محسن نقوی کے دورِ حکومت میں ہوئی۔ نجم سیٹھی نے اس ریکارڈ ساز بولی کو پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور اشارہ دیا کہ آنے والے دنوں میں پی ایس ایل سے ہٹ کر بھی مزید مثبت پیش رفت کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
اپنی ویب سائٹ کے مطابق ولی ٹیکنالوجیز ایک عالمی کمپنی ہے جو میڈیا، فنانس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرتی ہے۔ یہ فرم پہلے بھی اپنے اسپورٹس میڈیا پورٹ فولیو کے حصے کے طور پر پی ایس ایل کے لائیو اسٹریمنگ حقوق حاصل کر چکی ہے۔