رفحان میعظ کی خریداری کا معاملہ: نشاط ہوٹلز نے پی اے آئی واپس لے لی
- نشاط ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے حصول اور متعلقہ شرائط کی تکمیل کی صورت میں اس لین دین کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے
نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ نے رفحان میعظ پروڈکٹس کمپنی لمیٹڈ (آر ایم پی ایل) کے حصول کے لیے جمع کرائی گئی پبلک اناؤنسمنٹ آف انٹینشن (پی اے آئی) کو 10 فروری 2026 سے باقاعدہ طور پر واپس لے لیا ہے۔
یہ پیشرفت اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں بتائی گئی۔
نشاط ہوٹلز اینڈ پراپرٹیز لمیٹڈ نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ رفحان میعظ پروڈکٹس کمپنی لمیٹڈ کے 75.69 فیصد تک حصص (شیئرز) اور کمپنی کا کنٹرول حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
نومبر میں نشاط (گروپ) نے پبلک اناؤنسمنٹ آف انٹینشن کو حتمی شکل دینے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کردی تھی۔
اصل شیڈول کے مطابق یہ اعلان 16 مئی 2025 کو جاری کردہ پی اے آئی کے 180 دنوں کے اندر کیا جانا تھا تاہم اس وقت اسے 90 دنوں کے لیے مؤخر کر کے 10 فروری 2026 تک بڑھا دیا گیا تھا۔
تاہم اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ ایک نوٹس میں کمپنی نے کہا کہ چونکہ مطلوبہ ریگولیٹری منظوریوں اور لین دین (ٹرانزیکشن) کی دستاویزات کے مطابق بعض دیگر لازمی شرائط پر عمل درآمد ابھی جاری ہے اور مقررہ تاریخ تک ان کے مکمل ہونے کی توقع نہیں ہے لہٰذا ہم ٹیک اوور ریگولیشنز کے ضابطہ 21(1)(e) اور ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقررہ تاریخ سے اس خریداری کے ارادے کو واپس لینے کا نوٹس دیتے ہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ خریدار (نشاط ہوٹلز) ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے حصول اور متعلقہ شرائط کی تکمیل کی صورت میں اس لین دین (سودے) کو مکمل کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
اس مقصد کے لیے قانونی اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے پی اے آئی جاری کیا جائے گا اور اسے اخبارات میں بھی شائع کیا جائے گا۔