پاکستان اور چین کا انٹیلیجنس شیئرنگ اور سائبر کرائم میں تعاون پر اتفاق، سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کا عزم
- وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر کی ملاقات، خصوصی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ بنانے کا اعلان
دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر پاکستان اور چین نے وزارتِ داخلہ میں اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لئے انٹیلیجنس شیئرنگ اور سائبر کرائم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
جمعرات کو چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کے اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ کے دورے کے دوراں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایک خصوصی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) بنانے کا اعلان کیا، جسے خاص طور پر چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں جدید چینی ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی معاون اور کلیدی ثابت ہوگا۔
اجلاس میں انسداد دہشت گردی، اندرونی سلامتی اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر نے سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ محسن نقوی نے ہر موڑ پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
جیانگ زیڈونگ نے بلوچستان میں حال ہی میں ہونے والے منظم حملوں کی شدید مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ چین کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سفیر کو بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر ردعمل کے بارے میں بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری دشمنوں کی جانب سے اسے نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مضبوط اور مستحکم رہے گی۔
مذاکرات میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ، اسپیشل سیکریٹری داخلہ اور چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ملاقات کا اختتام اس باہمی عہد کے ساتھ ہوا کہ اندرونی سیکیورٹی میں تعاون کو بڑھا کر اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنا کر پاک چین تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔