پاکستان
پاکستان اور آذربائیجان کا دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
- یہ سمجھوتہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز ریئر ایڈمرل شاہین مامادوف کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا
پاکستان اور آذربائیجان نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ سمجھوتہ اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز ریئر ایڈمرل شاہین مامادوف کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سمندری سکیورٹی صورتحال سمیت تربیت اور دفاع میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے پر آئے مہمان کو پاک بحریہ کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی بحری تعاون پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کی بحری فوج کے کمانڈر کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔