دنیا

کابل : دھماکے میں کم از کم 7 افراد ہلاک، اسپتال ذرائع

  • کابل کے ایمرجنسی سرجیکل سینٹر میں 20 افراد لائے گئے ہیں
شائع اپ ڈیٹ

افغان دارالحکومت کابل میں ایک اسپتال چلانے والی اطالوی این جی او ایمرجینسی نے کہا ہے کہ پیر کو وسطی کابل میں ایک دھماکے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر سرکاری تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج دوپہر شہرِ نو کے علاقے میں اسپتال کے قریب ہونے والے دھماکے کے بعد کابل کے ایمرجنسی سرجیکل سینٹر میں بیس افراد کو لایا گیا ہے، جن میں سے سات افراد اسپتال پہنچنے پر ہلاک قرار دیئے گئے تھے۔

قبل ازیں کابل کی پولیس اور افغان حکومت کے مطابق وسطی کابل میں خوفناک دھماکا ہوا ہے، جبکہ اے ایف پی کے نامہ نگار نے جائے وقوعہ کے قریب آگ بجھانے والے اہلکاروں کو امدادی کارروائیوں میں مصروف دیکھا۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے دھماکے کی وجہ بتائے بغیر کہا کہ کابل شہر کے چوتھے ضلع ’شہرِ نو‘ میں گل فروشی اسٹریٹ پر واقع ایک ہوٹل میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمارے پاس ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات موجود ہیں۔

اے ایف پی کے صحافی نے موقع پر فائر فائٹرز کو ملبہ ہٹاتے اور ایمبولینس کو دیکھا، جبکہ پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔ چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی سینہوا نے ایک ریسٹورنٹ ملازم کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ دھماکے میں دو چینی شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔

سینہوا کے مطابق واقعے میں ایک افغان سیکورٹی گارڈ ہلاک ہوا اور ریسٹورنٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جس علاقے میں دھماکا ہوا وہاں عام طور پر پھول فروش کام کرتے ہیں اور وہاں کئی ریسٹورنٹ اور ایک اسپتال بھی واقع ہے۔