سردی کی شدید لہر: سندھ بھر کے اسکولوں اور کالجوں کے اوقاتِ کار تبدیل
- کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے صبح 9 بجے کھلیں گے
سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے درمیان مشاورت کے بعد صوبائی حکومت نے بڑھتی ہوئی سردی کے باعث اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
فوری طور پر نافذ العمل اس فیصلے کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اب صبح 9:00 بجے کھلیں گے۔ اس تبدیلی کا مقصد طلبہ کو صبح سویرے کی شدید سردی سے بچانا اور تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے اوقات کا اطلاق 12 جنوری سے 26 جنوری تک دو ہفتوں کے لیے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ اسکول کھلنے کے وقت میں تاخیر کی گئی ہے، تاہم اسکولوں کی چھٹی کا وقت معمول کے مطابق ہی رہے گا۔ سیکرٹری تعلیم زاہد علی عباسی کے دستخط شدہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایت صوبے کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں پر یکساں لاگو ہوگی ، تاکہ طلبہ کی صحت اور سلامتی کو ترجیح دی جا سکے۔