کاروبار اور معیشت

برآمدات بڑھانے کے لیے اسٹیل ملز کی زمین پربڑے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قیام کا اعلان

  • ملکی معاشی استحکام برآمدات میں اضافے سے جڑا ہے ، وفاقی سیکرٹریز اور اسٹیک ہولڈرز کا اہم مشاورتی اجلاس
شائع اپ ڈیٹ

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کراچی میں وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال کی صدارت میں اہم مشاورتی اجلاس کی میزبانی کی، جس میں برآمدات بڑھانے اور قومی معیشت کی مضبوطی کے لیے حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے واضح کیا کہ ملک کا معاشی استحکام برآمدات میں اضافے سے جڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برآمد کنندگان کو کاروبار کی بڑھتی ہوئی لاگت، توانائی کی قلت اور عالمی معیار کی پابندیوں جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جنہیں حکومت اور تاجر برادری کے مشترکہ تعاون سے حل کرنا ضروری ہے۔

اجلاس میں ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت تمام اہم شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی جہاں سیکرٹری تجارت نے توانائی کی قیمتوں کو علاقائی سطح کے برابر لانے اور ٹیکسوں میں سہولت فراہم کرنے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔

اسی دوران سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم نے برآمدی صنعتوں کی سہولت کے لیے پاکستان اسٹیل ملز کی زمین پر ایک بڑا ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کرنے کا اعلان کیا ، تاکہ ملکی برآمدات کو فروغ دے کر غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جا سکے۔