بنگلہ دیش کے ایئر چیف کی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات، جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار
- ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا،آئی ایس پی آر
بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے منگل کے روز اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں پاکستان ایئر فورس کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر گفتگو بھی شامل تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ تربیت، استعداد سازی اور ایرو اسپیس شعبے میں تعاون کو خصوصی اہمیت دی گئی۔
بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ کو پاک فضائیہ کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مہمان کو پاک فضائیہ کی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور بنگلہ دیش ایئر فورس کو بنیادی سے لے کر اعلیٰ سطح کی پرواز اور خصوصی کورسز تک جامع تربیتی فریم ورک کے تحت مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے سپر مشاق تربیتی طیاروں کی تیز رفتار فراہمی، مکمل تربیتی سہولیات اور طویل المدتی معاونت کے نظام کی بھی یقین دہانی کرائی۔
بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ، جو اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کے ہمراہ ہیں، نے پاک فضائیہ کے جنگی ریکارڈ کو سراہا اور اس کی آپریشنل مہارت سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش ایئر فورس کے پرانے بیڑے کی دیکھ بھال کے لیے معاونت اور فضائی نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کے انضمام میں مدد کی خواہش بھی ظاہر کی۔
وفد نے پاک فضائیہ کی اہم تنصیبات کا دورہ کیا، جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر، پاک فضائیہ سائبر کمانڈ اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک شامل ہیں، جہاں آئی ایس آر، سائبر، اسپیس، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا گیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کا عکاس ہے اور دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔