پاکستان ریاض فورم میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرے گا
- پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کو ملک کے وسیع ارضیاتی اور معدنی وسائل پیش کرنے کے لیے فورم میں خصوصی پویلین قائم کرے گا ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک
پاکستان رواں ماہ ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر منرلز فورم (ایف ایم ایف) میں اپنی معدنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور معدنیات و توانائی کے شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی، جہاں دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ پاکستان فورم میں پاکستان دی منرل مارول کے عنوان سے خصوصی پویلین قائم کرے گا ، تاکہ عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے ملک کے وسیع ارضیاتی اور معدنی وسائل کو پیش کیا جا سکے۔ پیٹرولیم وزیر کی قیادت میں ایک پاکستانی وفد جس میں 13 سرکاری اور نجی معدنی کمپنیاں شامل ہیں اس ایونٹ میں شرکت کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس فورم میں صلاحیتوں کا اظہار، پاکستان کے معدنی انقلاب میں تیزی کی تھیم کے تحت 90 منٹ کا ایک خصوصی کنٹری شوکیس سیشن بھی منعقد کرے گا، جس میں پاکستانی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز، غیر ملکی سرمایہ کار اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے۔
وزیر کے مطابق یہ پویلین اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2026 کے لیے پیش خیمہ ثابت ہوگا، جس کا مقصد عالمی شرکت کو یقینی بنانا ہے۔
علی پرویز ملک نے پاک سعودی تعلقات کی جڑوں کو مستحکم قرار دیتے ہوئے انہیں مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور عوامی روابط پر مبنی قرار دیا اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہا۔
سعودی سفیر نے پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور معدنیات و توانائی میں تعاون کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔
دونوں فریقین نے معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی ترقی کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔