پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

  • وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے اسلام آباد کے عزم کا اعادہ کیا
شائع December 31, 2025 اپ ڈیٹ December 31, 2025 10:36pm

وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے، جس دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان-سعودی عرب تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم دفتر کے بیان کے مطابق گفتگو کو گرمجوش اور دوستانہ قرار دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے لیے سعودی قیادت کی مسلسل محبت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات حالیہ مہینوں میں نئی بلندیوں تک پہنچ چکے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور جاری پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ علاقائی چیلنجز کے دوران مسلم اُمہ میں اتحاد و ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کی۔

پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے اسلام آباد کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا فون کال کے لیے شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ تمام باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی سعودی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آئندہ سال پاکستان کے سرکاری دورے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔

اس سے قبل سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی ’’مثالی نوعیت‘‘ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم قریبی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔