ڈائینا پاکستان کا بلوچستان میں ونڈ پاور پروجیکٹ میں توسیع کا فیصلہ
- پیش رفت کا انحصار ریگولیٹری منظوریوں اور معاہداتی انتظامات پر ہے، کمپنی
کیمیکلز تیار کرنے والے ادارے ڈائینا پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حب، بلوچستان میں 2.5 میگاواٹ کے ونڈ پاور پروجیکٹ کی تنصیب کی منظوری دے دی ہے، جو پہلے سے منصوبہ بند 1.1 میگاواٹ کی سہولت کی جگہ لے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب پاکستان میں کمپنیاں پائیداری کو فروغ دینے اور روایتی توانائی پر انحصار کم کرنے کیلئے تیزی سے قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کی طرف راغب ہو رہی ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا کہ 26 جون 2025 کو فراہم کی گئی معلومات کے حوالے سے ڈائینا پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حب، بلوچستان میں پہلے سے طے شدہ 1.1 میگاواٹ کے منصوبے کے بجائے 2.5 میگاواٹ کے ونڈ پاور پروجیکٹ کی تنصیب کی منظوری دے دی ہے، تاکہ بہتر کارکردگی اور بچت حاصل کی جاسکے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کا انحصار ریگولیٹری منظوریوں اور معاہداتی انتظامات پر ہے۔
کمپنی نے کہا کہ یہ منصوبہ اس کے طویل المدتی پائیداری کے اہداف کی تکمیل کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ ای پی سی (انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن) معاہدے اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کا عمل اس وقت جاری ہے۔
ڈائینا پاکستان لمیٹڈ 20 جون 1982 کو پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کی گئی تھی۔