پاکستان

ایس این جی پی ایل کا لبرٹی ڈھرکی سے 20 ارب کے بقایا جات فوری ادا کرنے کا مطالبہ

  • ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں گیس سپلائی معطل کی جاسکتی ہے ، ترجمان
شائع December 23, 2025 اپ ڈیٹ December 23, 2025 11:07am

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے لبرٹی ڈھرکی پاور لمیٹڈ (ایل ڈی پی ایل) کو 20 ارب روپے کے واجب الادا بقایا جات فوری ادا کرنے کی وارننگ دی ہے اور واضح کیا ہے کہ ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں کمپنی کی گیس کی سپلائی معطل کی جا سکتی ہے۔

ایل ڈی پی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھیجے گئے ادائیگی کے حتمی نوٹس میں جنرل منیجر (ریکوری) نے 18 نومبر 2025 کو ہونے والی سابقہ خط و کتابت کا حوالہ دیا، جس میں بقایا جات کی ادائیگی کے لیے طے شدہ شرائط و ضوابط کے مطابق سیٹلمنٹ کا ذکر تھا۔

ایس این جی پی ایل کے مطابق میسرز لبرٹی پاور متفقہ ادائیگی کے شیڈول کے مطابق فنڈز جاری نہیں کررہی ہے۔ 9 دسمبر 2025 تک کل واجب الادا بقایا جات 20.029 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں جو کمپنی کے پاس موجود 3.085 ارب روپے کی نقد سیکیورٹی ڈپازٹ سے کہیں زیادہ ہیں۔

ایس این جی پی ایل نے وضاحت کی کہ واجب الادا رقم میں شامل ہیں: گیس کے بقایا جات کے لیے 17.812 ارب روپے، جن کی منظوری انتظامیہ نے 23 جون 2025 کو دی؛ اور گیس کنکشن کی بحالی سے قبل کی گئی 2.000 ارب روپے کی پیشگی ادائیگی، جس کے بعد سپلائی کی بحالی کے وقت بقایا بیلنس 15.812 ارب روپے رہا۔

متفقہ ادائیگی کے شیڈول کے تحت بقایا جات کی کمی کی تفصیل کچھ یوں ہے: پانچ واجب الادا قسطیں 5.000 ارب روپے، جون تا اکتوبر 2025 کے گیس بلز 10.047 ارب روپے، دوبارہ کنکشن کے بعد موصولہ رقم 7.750 ارب روپے، واجب الادا بقایا جات میں خالص کمی 7.297 ارب روپے، 25 نومبر 2025 کا گیس بل 1.920 ارب روپے، اور متفقہ شیڈول کے مطابق 10 دسمبر 2025 کو چھٹی قسط واجب الادا ہوگئی۔

گیس سپلائی معاہدے کے آرٹیکل V کی شق (d) کے تحت، لبرٹی ڈھرکی پاور لمیٹڈ کے لیے لازمی ہے کہ وہ انوائس موصول ہونے کے 30 دنوں کے اندر تمام واجب الادا رقوم کی ادائیگی کرے۔ ادائیگی میں ناکامی (ڈیفالٹ) کی صورت میں، ایس این جی پی ایل کو اپنے دیگر حقوق اور قانونی چارہ جوئی کے علاوہ یہ حق حاصل ہے کہ وہ 7 دن کا تحریری نوٹس دینے کے بعد گیس کی فراہمی معطل کر دے۔

موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایس این جی پی ایل نے ایک بار پھر ایل ڈی پی ایل سے تمام بقایا جات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ عدم ادائیگی کی صورت میں، یوٹیلٹی نے خبردار کیا کہ وہ اپنے معاہدے کے تحت حقوق استعمال کرنے پر مجبور ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں پاور پلانٹ کو گیس فراہمی بغیر کسی اضافی نوٹس کے معطل کی جاسکتی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025