دنیا

ہانگ کانگ، کیتھے پیسیفک فلائٹ میں دورانِ پرواز دروازہ کھولنے کی کوشش پر مسافر گرفتار

  • اس واقعے میں کوئی مسافر یا عملہ زخمی نہیں ہوا اور پرواز بخیر و خوبی جمعرات کی صبح لینڈ کر گئی
شائع December 12, 2025 اپ ڈیٹ December 12, 2025 04:04pm

ہانگ کانگ پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ انہوں نے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا ہے جو کیتھے پیسفک کی پرواز CX811 میں بوسٹن سے ہانگ کانگ جا رہا تھا، جب ایئرلائن کے مطابق اس شخص نے 10 دسمبر کو پرواز کے دوران طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی مسافر یا عملہ زخمی نہیں ہوا اور پرواز بخیر و خوبی جمعرات کی صبح لینڈ کر گئی۔

یہ واقعہ اب ہانگ کانگ کی پولیس کے زیرِ نگرانی ہے۔ ایئر لائن نے بتایا کہ ہمارے کیبن عملے نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا، دروازے کو محفوظ طریقے سے بند ہونے کو یقینی بنایا اور متعلقہ حکام اور پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے تصدیق کی کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور 20 سالہ مرد مسافر جو مین لینڈ چین کا رہائشی ہے، کو ایوی ایشن سیکیورٹی آرڈیننس کی خلاف ورزی کے شبہ میں گرفتار کیا گیا۔

ایئرلائن نے مزید کہا کہ کیتھے پیسیفک میں ہمارے صارفین اور عملے کی حفاظت ہر فیصلے کی رہنمائی کرتی ہے۔