کاروبار اور معیشت

مچلز فروٹ فارمز نے نئے چیئرمین اور سی ای او کا اعلان کردیا

  • کاشف سجاد شیخ بورڈ چیئرمین اور عثمان ظفر بٹ چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر
شائع December 8, 2025 اپ ڈیٹ December 8, 2025 02:49pm

مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ (ایم ایف ایف ایل) جو پاکستان میں زرعی اور کنفیکشنری مصنوعات بنانے والی کمپنی ہے نے نئی قیادت کا اعلان کیا ہے جس میں کاشف سجاد شیخ کو بورڈ کا چیئرمین اور عثمان ظفر بٹ کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا گیا ہے۔

ان تقرریوں کی تصدیق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کی گئی جس کی اطلاع کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو نوٹس کے ذریعے دی۔

نوٹس کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاشف سجاد شیخ کو بورڈ کا چیئرمین اور عثمان ظفر بٹ کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا جاتا ہے جن کی مدت ملازمت 9 دسمبر 2025 سے شروع ہونے والے 3 سال کے لیے ہوگی۔

ڈائریکٹرز کے انتخاب کے بعد کمپنی نے گورننس اور نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے اہم بورڈ کمیٹیوں کی بھی ازسرنو تشکیل دی۔

آڈٹ کمیٹی کی صدارت احسن راشد کریں گے جب کہ اراکین عاصم دلاور شیخ اور ندیم بن جاوید شیخ ہوں گے۔ ہیومن ریسورس اینڈ ریمونریشن کمیٹی کی قیادت بابر سلطان کریں گے اور اراکین حسن زبیر شیخ اور عثمان بٹ ہوں گے۔ سسٹین ایبلٹی کمیٹی کی صدارت فریحہ سبحانی کریں گی جبکہ اراکین حسن زبیر شیخ اور عثمان بٹ ہوں گے۔

یہ تبدیلیاں اس وقت سامنے آئیں جب سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے اکتوبر میں مچلز میں 40.63 فیصد شیئر ہولڈنگ حاصل کی، جس سے کمپنی کے ملکیتی ڈھانچے میں اہم تبدیلی آئی۔

ایم ایف ایف ایل کی ویب سائٹ کے مطابق کاشف سجاد شیخ سی سی ایل ہولڈنگ کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیں اور انہیں تقریباً تین دہائیوں کا قیادتی تجربہ حاصل ہے۔ سابق سی ای او کے طور پر انہوں نے سی سی ایل فارماسوٹیکلز کی کامیاب تبدیلی کی قیادت کی، آمدنی اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں نمایاں اضافہ کیا، اور کمپنی کے عالمی آپریشنز کو 16 سے زائد ممالک تک بڑھایا۔

عثمان بٹ کو پاکستان کی فوڈ اینڈ بیوریجز صنعت میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے پاکستان میں کوکا کولا اِیسیک میں 17 سال گزارے، جہاں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے، جن میں کمرشل ڈائریکٹر اور چیف سپلائی چین آفیسر شامل ہیں۔

مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ کی تاریخ 1933 تک جاتی ہے۔ کمپنی 1993 میں پبلک ہوئی اور 1996 میں اسٹاک ایکسچینج میں درج ہوئی۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی مختلف زرعی اور کنفیکشنری مصنوعات کی مینوفیکچرنگ اور فروخت ہے جن میں بیوریجز، کیچپ اور سوسز، پریزرویز، ریڈی ٹو کُک اور ریڈی ٹو ایٹ فوڈ شامل ہیں۔