پاکستان نیوی نے سری لنکا میں سیلاب میں پھنسے خاندان کو بحفاظت نکال لیا
- ریسکیو آپریشن کے دوران 7 ماہ کے بچے سمیت ایک خاندان محفوظ مقام پر منتقل ، متاثرہ افراد 5 روز سے پھنسے ہوئے تھے ، رپورٹ
پاکستان نیوی کے اہلکاروں نے سری لنکا میں سیلاب میں پھنسے ایک خاندان کو محفوظ طریقے سے نکال لیا۔
پاکستان نیوی کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر )کے مطابق سری لنکا میں جاری انسانی ہمدردی اور آفات سے نمٹنے کی سرگرمیوں (ایچ اے ڈی آر ) کے دوران زیڈ 9 ہیلی کاپٹر کو پاکستان نیوی کے جہاز سیف پر سوار کیا گیا، جس نے کولمبو کے کوٹیکاواٹا علاقے میں ریسکیو آپریشن انجام دیا۔
رپورٹ کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران سات ماہ کے بچے سمیت ایک خاندان کو جو گزشتہ 5 دن سے چھت پر پھنسا ہوئے تھا بحفاظت نکال لیا گیا۔
بعد ازاں مقامی حکام کے تعاون سے اس خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ ڈی جی پی آر نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کی کامیابی پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تئیں عزم کا ثبوت ہے۔
ڈی جی پی آر کے مطابق پاکستان نیوی کا جہاز سیف ہیلی کاپٹر کے ساتھ سری لنکا میں تعینات ہے۔
پاکستان نیوی کے جہاز سیف نے پہلے بھی سائیکلون ڈیٹوا اور اس کے بعد ہونے والی زوردار بارشوں سے متاثرہ مقامی آبادی کی مدد کے لیے ہارڈ آپریشن شروع کیا تھا، جس سے سری لنکا میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پی این ایس سیف نے سری لنکا کی حکومت کو امدادی اشیاء فراہم کیں ،تاکہ جاری قومی امدادی کوششوں میں اضافہ ہو سکے۔ امدادی پیکج میں بنیادی خوراک، میلز ریڈی ٹو ایٹ ، خشک راشن، فرسٹ ایڈ کٹس، ایمرجنسی ادویات اور ضروری سامان شامل تھا۔
رائٹرز کے مطابق سری لنکا میں ریسکیو ٹیمیں پیر کو سڑکیں صاف کرنے اور سائیکلون سے متاثرہ پانچ لاکھ سے زائد افراد تک امداد پہنچانے میں مصروف تھیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتیں 355 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ 366 افراد لاپتہ ہیں۔
سائیکلون ڈیٹوا، جس کے ساتھ تیز ہوائیں اور شدید بارشیں ہوئی تھیں کے باعث جمعہ کے روز سری لنکا میں گزشتہ ایک دہائی کا بدترین سیلاب آیا اور پہاڑی وسطی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بنا ۔
رائٹرز کے ویزوئلز میں دیکھا گیا کہ لوگ کولمبو کے قریب کیلانی دریا کے کنارے سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں سے اپنا سامان نکال رہے تھے۔