کاروبار اور معیشت

ایئر لنک نے نئی ذیلی کمپنی زیگزو ٹیکنالوجیز کے قیام کی منظوری دے دی

  • نئی ذیلی کمپنی 2 کروڑ عام حصص پر مشتمل ہوگی جن کی فی حصص قیمت 10 روپے ہوگی
شائع December 1, 2025 اپ ڈیٹ December 1, 2025 04:21pm

ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے پیر کو اعلان کیا کہ کمپنی نے ’زیگزو ٹیکنالوجیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ‘ کے نام سے اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کے لیے 20 کروڑ روپے کی مجاز سرمایہ کاری مختص کی گئی ہے۔

یہ پیشرفت کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں شیئر کی گئی جس کے مطابق نئی ذیلی کمپنی 2 کروڑ عام حصص پر مشتمل ہوگی جن کی فی حصص قیمت 10 روپے ہوگی۔

نوٹس میں بتایا گیا کہ زیگزو ٹیکنالوجیز کا بنیادی مقصد اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپس، متعلقہ ایکسیسریز، الیکٹرانکس، ہوم اپلائنسز اور دیگر ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری، درآمد، برآمد، تقسیم، ریٹیل اور ای کامرس آپریشنز چلانا ہوگا، جو منتخب کردہ اضافی برانڈز کے تحت پیش کیے جائیں گے۔

ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ جنوری 2014 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی تھی اور اپریل 2019 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کیا گیا۔

کمپنی اس وقت اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس، لیپ ٹاپ ایکسیسریز اور آئی ٹی و کمیونیکیشن سے متعلق مصنوعات کی درآمد، برآمد، تقسیم، ہول سیل اور ریٹیل کے کاروبار میں سرگرم ہے۔