دنیا

شام میں اسلامی جماعہ کے مشتبہ ارکان گرفتار کرلیے،اسرائیلی فوج

  • یہ گروہ اسرائیلی شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، بیان
شائع November 28, 2025 اپ ڈیٹ November 28, 2025 12:17pm

اسرائیلی فوج نے جمعہ کو کہا کہ اس نے شام کے گاؤں بیت جن میں اسلامی جماعہ تنظیم کے مشتبہ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ فوج کے مطابق یہ کارروائی رات کے وقت کی گئی۔

اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات کے بعد یہ چھاپہ مارا گیا، جو حالیہ ہفتوں میں موصول ہوئی تھیں اور جن سے پتہ چلا کہ یہ گروہ اسرائیلی شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق فوجیوں پر فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں انہوں نے فضائی مدد کے ساتھ جوابی کارروائی کی، جس میں تین فوجی زخمی ہو گئے۔ فوج کا کہنا تھا کہ تمام مشتبہ افراد گرفتار کر لیے گئے اور متعدد عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔

فوج نے مزید کہا کہ علاقے میں افواج تعینات ہیں اور ممکنہ خطرات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

اسرائیل نے 2025 میں شام میں متعدد بار فضائی حملے کیے ہیں، دمشق کے مضافات اور ملک کے جنوبی علاقوں میں ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اس کے خلاف خطرات کو روکنے اور سرحد کے نزدیک دروز کمیونٹی کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہیں۔

اسرائیل کا موقف ہے کہ وہ مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے جنہیں وہ دشمن سمجھتا ہے، جبکہ شامی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔