پاکستان

وزیرِاعظم شہباز شریف کی بحرین کے بادشاہ سے ملاقات، آرڈر آف بحرین سے نوازا گیا

  • شاہ بحرین نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک زمانے میں بحرین کی جانب سے بطور وکیل خدمات انجام دی تھیں
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز بحرین کے فرمانروا، شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی شراکت داری کے اعادے پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو آرڈر آف بحرین (فرسٹ کلاس) سے نوازا، جو بحرین کی جانب سے سربراہانِ مملکت و حکومت کو دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔ شاہ نے یہ بات بھی اجاگر کی کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک وقت میں بحرین کی نمائندگی بطور وکیل کی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی برائے نرسنگ اینڈ الائیڈ میڈیکل سائنسز کے قیام سمیت بحرین کی حمایت کو سراہا، جس کا افتتاح ستمبر 2025 میں کیا گیا تھا، اور پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد بحرین کی یکجہتی پر اظہار تشکر کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان کی تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے کی خواہش پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان-جی سی سی فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت دوطرفہ تجارت میں اضافہ متوقع ہے، جو اس وقت آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے ذریعے فوڈ سیکورٹی، آئی ٹی، تعمیرات، کان کنی، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں مواقع تلاش کریں۔

دونوں رہنماؤں نے طویل مدتی دفاعی شراکت داری کو دہرایا اور تربیت، لاجسٹکس، افرادی قوت اور دفاعی پیداوار میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے غزہ میں حالیہ صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور وہاں کے عوام کے لیے دیرپا امن اور استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر بحرین کے شاہ کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ضیافت دی گئی جس نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو اجاگر کیا۔