پاکستان

سعودی مسلح افواج کے سربراہ کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات، دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال

  • وزیراعظم نے سعودی عرب کی "غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی" کی تعریف کی
شائع اپ ڈیٹ

سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دفاع، سیکورٹی اور اقتصادی شعبوں میں مملکت السعودیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کی ”غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی“ پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

ریاض کے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اسٹریٹجک میوچل ڈیفنس ایگریمنٹ کے دستخط کو اجاگر کیا اور مشترکہ تربیت، مشقوں اور مہارت کے تبادلے کے ذریعے دفاعی تعاون کو بڑھانے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف دونوں ممالک کے مشترکہ عزم اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے سعودی قیادت کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی مملکت السعودیہ کی خواہش کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دونوں جانب کے سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں آج جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور عسکری و سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

اس کے علاوہ فریقین نے دفاع، تربیت اور انسداد دہشت گردی میں جاری تعاون کا جائزہ بھی لیا، جو پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری کے اہم ستون ہیں۔

بیان کے مطابق آنے والے سعودی عہدیدار نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور اسے مزید مضبوط بنانےکے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔