کھیل

ایشیز ٹیسٹ: پہلا دن فاسٹ بولرز کے نام، مجموعی طور پر 19 وکٹیں گریں

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں شروع ہوگیا۔ ٹیسٹ کا پہلا روز فاسٹ بولرز کے نام رہا...
شائع اپ ڈیٹ

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں شروع ہوگیا۔

ٹیسٹ کا پہلا روز فاسٹ بولرز کے نام رہا جس میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں گریں۔

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین ٹاپ وکٹ پر اسٹوکس کی جانب سے پہلے بیٹنگ کے فیصلے نے ماہرین کرکٹ کو حیران کردیا۔

انگلش ٹیم ابتداء سے ہی مشکل میں رہی اور پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

مچل اسٹارک نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے اکیلے ہی انگلش بیٹنگ لائن کو اکھاڑ پھینکا۔

اسٹارک نے 58 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ڈیبیوٹنٹ برینڈن ڈوگٹ نے 2 اور کیمرون گرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ کو 172 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد اننگز کا آغاز کیا تو ٹیم بین اسٹوکس کے جوابی وار سے مشکلات کا شکار دکھائی دی۔

پہلے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے 9 کٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنالیے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 49 رنز درکار ہیں۔

انگلش کپتان بین اسٹوک نے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جوفرا آرچر اور برائیڈون کارس نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔