مقبوضہ کشمیر کے پولیس اسٹیشن میں دھماکا، 9 افراد ہلاک اور 29 زخمی
- دھماکا ضبط کیے گئے دھماکا خیز مواد کے نمونے نکالتے وقت حادثاتی طور پر ہوا، ذرائع
مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے سری نگر میں جمعہ کی شب ایک پولیس اسٹیشن میں زوردار دھماکا ہوا جس میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 29 سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ دھماکا ضبط کیے گئے دھماکا خیز مواد کے نمونے نکالتے وقت حادثاتی طور پر ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں زیادہ تر پولیس اہلکار تھے جن میں وہ فرانزک اہلکار بھی شامل ہیں جو دھماکہ خیز مواد کی جانچ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
لاشوں کی شناخت کا کام جاری ہے کیونکہ کچھ مکمل طور پر جھلس چکی ہیں۔
دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کچھ انسانی اعضاء دھماکے کے مقام سے تقریباً 100 سے 200 میٹر دور تک پائے گئے۔
مقبوضہ جموں وکشمیر کے پولیس چیف اس واقعے پر جلد پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
قبل ازیں ایک مقامی پولیس اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں دھماکہ ہوا۔ اہلکار نے بتایا کہ آگ نے کمپاؤنڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور فائر ٹینڈرز کو فوری طور پر موقع پر پہنچا دیا گیا۔
یہ دھماکا نئی دہلی، ہندوستان کے دارالحکومت میں چار روز قبل ہونے والے مہلک کار دھماکے کے بعد ہوا، جس میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے اور جسے حکومت نے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔