پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کا خیرپور میں ہائیڈرو کاربن کی دریافت کا اعلان
- دریافت ساون جوائنٹ وینچر کے تحت کی گئی
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے سندھ کے ضلع خیرپور میں اپنے کنویں ساون نارتھ ڈیپ-1 ایس ٹی-1 (SND-1 ST-1) سے ہائیڈروکاربن ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پیشرفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں شیئر کی گئی۔
نوٹس کے مطابق یہ دریافت ساون جوائنٹ وینچر کے تحت کی گئی، جس میں یو ای پی بیٹا (آپریٹر، 25 فیصد ورکنگ انٹرسٹ)، پی پی ایل (30 فیصد ورکنگ انٹرسٹ)، پی پی ایل یورپ ای اینڈ پی لمیٹڈ (10 فیصد ورکنگ انٹرسٹ)، پرائم اے ای پی لمیٹڈ (30 فیصد ورکنگ انٹرسٹ) اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (5 فیصد ورکنگ انٹرسٹ) شامل ہیں۔
نوٹس میں بتایا گیا کہ کنویں کی کھدائی 16 ستمبر 2024 کو شروع کی گئی اور اسے کامیابی کے ساتھ 14,017 فٹ میژرڈ ڈیپتھ تک کھودا گیا۔ کنویں کا بنیادی مقصد لوئر گورو فارمیشن (A-انٹرویل سینڈز) کی ہائیڈروکاربن صلاحیت کا جائزہ لینا اور اس کی جانچ کرنا تھا۔
وائرلائن لاگ اور ڈرلنگ کے نتائج کی بنیاد پر پوسٹ کمپلیشن ٹیسٹنگ A-سینڈ کے شناخت شدہ پرامسنگ انٹرویلس میں کی گئی جس سے تقریباً 0.30 ایم ایم ایس سی ایف ڈی کی شرح سے گیس حاصل ہوئی۔
پی پی ایل کے مطابق یہ ساون علاقے میں اپنے نوعیت کا پہلا کنواں ہے جو خصوصی سیکوینس اسٹریٹیگرافک (ٹراپ) اندازِ جائزہ استعمال کرتے ہوئے کھودا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ اس جدید طریقہ کار کے نتیجے میں ہائیڈروکاربن کی دریافت کامیابی سے ہوئی جس سے بنیادی جیولوجیکل تصور کی تصدیق ہوئی اور ساون کے علاقے میں نئے تلاش کے افق کھل گئے ہیں۔